حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
گزشتہ 2 سال میں سندھ کے بیرونی قرضوں میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ۔ Home / پاکستان /

گزشتہ 2 سال میں سندھ کے بیرونی قرضوں میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ۔

ایڈیٹر - 02/11/2026
گزشتہ 2 سال میں سندھ کے بیرونی قرضوں میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ۔

اسلام آباد (رپورٹ: حسبان میڈیا)
وفاقی وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ حالیہ دستاویزات کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران سندھ کے بیرونی قرضوں میں دیگر تمام صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سندھ کا مجموعی بیرونی قرضہ جون 2026 تک بڑھ کر 5 ارب 61 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سطح تک پہنچ گیا ہے، جو کہ جون 2024 میں 3 ارب 77 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھا۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق محض دو سال کے مختصر عرصے میں سندھ کے بیرونی قرضوں میں ایک ارب 83 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا بھاری اضافہ دیکھا گیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے تقابلی اعداد و شمار کے مطابق، پنجاب مجموعی بیرونی قرضوں کے حجم کے لحاظ سے اب بھی پہلے نمبر پر ہے، تاہم وہاں قرض لینے کی شرح سندھ کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم رہی۔ پنجاب کے بیرونی قرضوں میں دو سال کے دوران 37 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کا کل حجم جون 2024 میں 6 ارب 02 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر جون 2026 تک 6 ارب 40 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق دیگر صوبوں میں خیبر پختونخوا کے بیرونی قرضوں میں گزشتہ دو سالوں کے دوران 59 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے برعکس، رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان نے بیرونی قرضوں پر انحصار سب سے کم رکھا، جہاں دو سال کے دوران محض 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ صوبائی سطح پر بیرونی قرضوں کے اس بڑھتے ہوئے حجم سے آنے والے سالوں میں صوبائی بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر مالی دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔