پیٹرول کی قیمتوں میں بڑے اضافے سے بچنے کے لیے حکومت کا نیا فارمولا منظور
وفاقی کابینہ نے پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ کار منظور کرلیا، جس کے تحت مقامی ریفائنریز کو پیٹرول کی درآمدی اور ایکس ریفائنری قیمت کے درمیان فرق سرکاری پیٹرولیم لیوی اکاؤنٹ میں جمع کرانا ہوگا۔
حکومت اس رقم کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں کمی کرکے اس کا فائدہ براہِ راست صارفین کو دے گی۔ رپورٹس کے مطابق ریفائنریز کو تقریباً 49 روپے فی لیٹر کا فرق جمع کرانا پڑ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ صارفین پر نیا ٹیکس یا 49 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان نہیں ہے۔
حکومت کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرول کی قیمتوں میں بڑے اضافے کو محدود رکھنا ہے، تاہم ریفائنری انڈسٹری نے نئے فارمولے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔