حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ میں افسوسناک واقعہ، مدرسے میں مبینہ تشدد سے 12 سالہ بچہ جاں بحق۔ Home / باجوڑ /

باجوڑ میں افسوسناک واقعہ، مدرسے میں مبینہ تشدد سے 12 سالہ بچہ جاں بحق۔

ایڈیٹر - 03/11/2026
باجوڑ میں افسوسناک واقعہ، مدرسے میں مبینہ تشدد سے 12 سالہ بچہ جاں بحق۔

باجوڑ (خصوصی رپورٹر، حسبان میڈیا): ضلع باجوڑ کے علاقے قذافی بانڈگئی کے ایک مقامی مدرسے میں 12 سالہ معصوم بچے پر مبینہ بیہمانہ تشدد اور بعد ازاں اس کی موت کا انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ ڈویژن زاہد نواز نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلعی پولیس کو فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

آر پی او ملاکنڈ کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) باجوڑ خان زیب مہمند کی زیرِ نگرانی، تھانہ اتمان خیل پولیس نے ایس ایچ او مصطفیٰ کمال کی سربراہی میں فوری کارروائی عمل میں لائی۔ پولیس نے تندہی سے کارروائی کرتے ہوئے واقعے کے بعد روپوش ہونے والے مبینہ ملوث ملزم قاری کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے خلاف باقاعدہ فوجداری مقدمہ درج کر کے اسے تفتیش کے لیے پولیس حراست میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او باجوڑ خان زیب مہمند نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معصوم طالب علم کی موت ایک انتہائی دردناک اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ باجوڑ پولیس غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کے تمام قانونی تقاضے بلا تاخیر پورے کیے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل میرٹ اور شفافیت پر کی جائے گی، اور قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔ باجوڑ پولیس مظلوم کو انصاف دلانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے اپنے عزم پر سختی سے کاربند ہے۔