حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آئی ایم ایف کا پاکستان پر مزید ٹیکس لگانے کے لیے شدید دباؤ، ہنگامی ٹیکس اقدامات کی تجویز دیدی! Home / بین الاقوامی,پاکستان /

آئی ایم ایف کا پاکستان پر مزید ٹیکس لگانے کے لیے شدید دباؤ، ہنگامی ٹیکس اقدامات کی تجویز دیدی!

ایڈیٹر - 04/11/2026
آئی ایم ایف کا پاکستان پر مزید ٹیکس لگانے کے لیے شدید دباؤ، ہنگامی ٹیکس اقدامات کی تجویز دیدی!

اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں ٹیکس ریونیو کی وصولی میں ہونے والے شارٹ فال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید نئے ٹیکس لگانے کے لیے دباؤ بڑھا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے ٹیکس ہدف میں کمی کو پورا کرنے کے لیے ہنگامی ٹیکس اقدامات کی تجویز بھی پیش کر دی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے نے اکتوبر کے مہینے میں 129 ارب روپے اور گزشتہ 4 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 96 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ آئی ایم ایف نے حکومتِ پاکستان پر سالانہ 15 ہزار 264 ارب روپے کا ٹیکس وصولی کا ہدف ہر صورت پورا کرنے پر زور دیا ہے۔ آئی ایم ایف حکام کا مؤقف ہے کہ پاکستان کے موجودہ ٹیکس حاصلات ناکافی ہیں، اس لیے جی ڈی پی کی شرح کے مطابق ٹیکس بڑھانے کا فوری مطالبہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ٹیکس شارٹ فال میں مزید اضافہ ہوا تو حکومت کے پاس عوام پر نئے ٹیکس عائد کرنے یا پھر سرکاری اخراجات میں کٹوتی کا آپشن زیر غور آ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اگلے اقتصادی جائزوں میں ٹیکس وصولی سے متعلق شرائط مزید سخت ہونے کا امکان ہے، جبکہ اہداف پورے نہ ہونے کی صورت میں ہنگامی ٹیکس اقدامات پر بات چیت ہوگی۔ وفاقی اور صوبائی سطح پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی مد میں محاصل بڑھانا اب ناگزیر قرار دیا جا چکا ہے۔