حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ کے ہونہار نوجوان رضوان پٹھان اور جمناسٹک کے خوابوں کا کارواں Home / بلاگز ,کھیل /

باجوڑ کے ہونہار نوجوان رضوان پٹھان اور جمناسٹک کے خوابوں کا کارواں

تحریر : محمد عاصم

ایڈیٹر - 26/07/2025
باجوڑ کے ہونہار نوجوان رضوان  پٹھان اور جمناسٹک کے خوابوں کا کارواں


باجوڑ، وہ قبائلی ضلع جہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، جہاں نہ کھیل کے میدان ہیں اور نہ ہی حکومتی سرپرستی—لیکن اسی مٹی سے ایک ایسا نوجوان اٹھا ہے جو اپنے خوابوں کے ساتھ تن تنہا ایک مشن پر نکل پڑا ہے۔ اس نوجوان کا نام ہے رضوان پٹھان، جس نے اپنی مدد آپ کے تحت باجوڑ جمناسٹک اکیڈمی قائم کی—ایک ایسی کوشش جو پورے قبائلی خطے کے نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
رضوان پٹھان خود جمناسٹک کے تربیت یافتہ کھلاڑی ہیں، اور اپنے شوق، جذبے اور عزم کے ساتھ وہ نوجوانوں کو نہ صرف تربیت دیتے ہیں بلکہ ان کے خوابوں کو پَر بھی دیتے ہیں۔ وہ بچوں اور نوجوانوں کو مفت جمناسٹک ٹریننگ فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔
محدود وسائل کے باوجود عرفان نے ایک چھوٹی سی جگہ 25,000 روپے ماہانہ کرائے پر حاصل کی ہے، اور تمام جمناسٹک کا سامان بھی اپنی ذاتی کوششوں سے حاصل کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ نہ تو محکمہ کھیل نے ان کی کوئی سرپرستی کی، اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ یا کسی این جی او نے ان کی مدد کی۔
اس اکیڈمی کا ایک طالبعلم حال ہی میں ایک قومی سطح کے مقابلے میں سلور میڈل جیت چکا ہے۔ مزید خوش آئند بات یہ تھی کہ اس باصلاحیت لڑکے کا بین الاقوامی ایونٹ کے لیے انتخاب بھی ہوا، مگر افسوس کہ مالی وسائل کی کمی نے اس کے خوابوں کو بریک لگا دی۔ اب ایک اور ہونہار طالبعلم کا انتخاب ہو چکا ہے، لیکن اسپانسر نہ ہونے کی وجہ سے اس کی شرکت بھی خطرے میں ہے۔
رضوان پٹھان نے حکومت، خاص طور پر محکمہ کھیل اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ باجوڑ کے باصلاحیت نوجوانوں کو وہ پلیٹ فارم دیا جائے جس کے وہ حقدار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر سہولتیں دی جائیں، تو باجوڑ جیسے علاقے سے بھی اولمپکس کے چمکتے ستارے پیدا ہو سکتے ہیں۔
یہ محض ایک فرد کی کہانی نہیں، بلکہ ایک خواب کی جدوجہد ہے۔ یہ داستان ہے اُس جذبے کی جو پسماندگی، حکومتی سرد مہری اور مالی مشکلات کے باوجود زندہ ہے۔ رضوان پٹھان جیسے نوجوان اگر حکومتی توجہ حاصل کریں، تو پاکستان کا پرچم دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں میں بھی سربلند ہو سکتا ہے