حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ: سلارزو برآمدک میں امن کے حوالے سے قومی جرگہ Home / باجوڑ /

باجوڑ: سلارزو برآمدک میں امن کے حوالے سے قومی جرگہ

ایڈیٹر - 09/08/2025
باجوڑ: سلارزو برآمدک میں امن کے حوالے سے قومی جرگہ

باجوڑ کی تحصیل سلارزو کے علاقے برآمدک ملاسوان بابا میں امن کے حوالے سے ایک قومی جرگہ منعقد ہوا، جس میں برآمدک اقوام سمیت مقامی مشران نے شرکت کی۔ جرگے میں یوتھ رہنما سکندر زیب خان بھی شریک ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق جرگہ اعلامیے میں کہا گیا کہ کسی بھی غیر متعلقہ فرد یا گروہ کو برآمدک کی سرزمین پر رہائش یا بسنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اعلامیے کے مطابق سلارزو میں حالات معمول کے مطابق ہیں، اس لیے یہاں فوجی آپریشن کی نہ ضرورت ہے اور نہ کوئی جواز۔ جبری اور غیر اعلانیہ آپریشن کی بھرپور مخالفت کی جائے گی اور اس پر عوامی ردعمل دیا جائے گا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سلارزو کی سرزمین دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے پاک ہے، اور اگر کسی کے آنے سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ ریاستی اداروں کی غفلت یا کسی فریق کے آنے کی صورت میں اگر بدامنی پیدا ہوئی تو برآمدک اقوام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز اپنی قومی پالیسی اور حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔

جرگے میں فصل کاٹنے کی پالیسی پر اعتماد میں لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ فصل کی کٹائی کی صورت میں حکومت کسانوں کو معاوضہ دینے کی پابند ہوگی کیونکہ یہ مقامی لوگوں کا واحد ذریعہ معاش ہے۔

اعلامیے کے مطابق، بہت جلد سلارزو میں امن کے حوالے سے ایک گرینڈ جرگہ طلب کیا جائے گا، جس میں تمام اقوام کی نمائندگی ہوگی۔