حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن؛ بھاری مقدار میں مضرِ صحت اشیاء برآمد، فیکٹری سیل Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن؛ بھاری مقدار میں مضرِ صحت اشیاء برآمد، فیکٹری سیل

ایڈیٹر - 07/11/2026
خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن؛ بھاری مقدار میں مضرِ صحت اشیاء برآمد، فیکٹری سیل

ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس: خیبرپختونخوا میں فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، پشاور میں مصالحہ فیکٹری سیل، بھاری مقدار میں مضرِ صحت خوراک تلف

پشاور (حسبان کرائم ڈیسک): گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خوراک، داخلہ و قبائلی امور کفایت اللہ کی خصوصی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں انسانی صحت سے کھیلنے والے ملاوٹ مافیا کے خلاف ایک وسیع کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف اضلاع میں ہنگامی چھاپے مار کر بھاری مقدار میں غیر معیاری، ایکسپائرڈ اور ناقابلِ استعمال خوردونوش کی اشیاء ضبط کر کے تلف کر دی ہیں، جبکہ متعدد غیر قانونی کاروباروں کو سیل کر کے مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، پشاور کے انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیم نے مصالحہ جات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ فیکٹری میں زائد المیعاد (ایکسپائرڈ) نمکو، چپس اور پاپڑ کو بطور خام مال استعمال کر کے مصالحے تیار کیے جا رہے تھے۔ ٹیم نے موقع پر 1500 کلوگرام غیر معیاری مال ضبط کر کے پروڈکشن یونٹ کو فوری طور پر سیل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں کارروائی کے دوران نامور برانڈز کے نام پر تیار کیے جانے والے مبینہ جعلی مصالحہ جات برآمد کیے گئے، جبکہ پھندو روڈ پر چکن شاپ سے خراب چکن کلیجی برآمد کر کے موقع پر تلف کر دی گئی۔

صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مؤثر کارروائیاں کیں۔ مردان میں مارکیٹ سپلائی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک گاڑی سے 1500 ناقابلِ استعمال اور خراب انڈے برآمد کر کے تلف کیے گئے اور ڈسٹری بیوٹر پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح مانسہرہ کے داخلی راستوں پر ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی سے 260 کلوگرام غیر معیاری اور مضرِ صحت کھویا برآمد کر کے موقع پر ضائع کر دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی کاشف اقبال جیلانی نے ان کامیاب کارروائیوں پر ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد غیر معیاری اشیاء بیچنے والوں کی فوری نشاندہی کریں تاکہ عوام کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔