حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ میں خودکش حملہ: ایف سی چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کی ٹکر، 10 اہلکار شہید Home / باجوڑ /

باجوڑ میں خودکش حملہ: ایف سی چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کی ٹکر، 10 اہلکار شہید

ایڈیٹر - 17/02/2026
باجوڑ میں خودکش حملہ: ایف سی چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کی ٹکر، 10 اہلکار شہید

باجوڑ:
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے ملنگی میں قائم فرنٹیئر کور اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی سے خودکش حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 10 ایف سی اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی عمارت سے ٹکرا دی، جس کے باعث عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا۔ متاثرہ عمارت میں ماضی میں ایک مدرسہ بھی قائم تھا، جسے بعد ازاں سکیورٹی پوسٹ میں تبدیل کیا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق شہداء میں ایک پولیس اہلکار اور نو فرنٹیئر کور کے اہلکار شامل ہیں، جبکہ ملبے تلے دبے مزید افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ موقع پر ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر پہنچ گئیں۔
تاحال پاکستان کی فوج کی جانب سے واقعے اور شہادتوں کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حملے میں فورسز کے اہلکاروں سمیت ایک بچی کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے ریسکیو اداروں کو فوری اور مؤثر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے جامع اور نتیجہ خیز حکمت عملی ناگزیر ہے۔