ضلع باجوڑ میں تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے سے قبل انتظامیہ کی ہدایات پر صفائی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان کی ہدایت پر ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کے سربراہان اسکولوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
ڈسٹرکٹ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر (DDEO) کے مطابق تمام متعلقہ اداروں میں صفائی مہم جاری ہے اور طلبہ کے استقبال کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اسکولوں کے پہلے روز طلبہ کو خوش آمدید کہنے کے لیے پھول اور چاکلیٹس پیش کی جائیں گی تاکہ بچوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز پر جوش و خروش پیدا کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 2 مارچ 2026ء کو تعلیمی اداروں کے باقاعدہ آغاز سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے جائیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعلیمی ماحول کو خوشگوار بنانا اور طلبہ کو نئے تعلیمی سیشن کے لیے پرجوش انداز میں خوش آمدید کہنا ہے