ڈی ایس پی معظوم خان کی زیرِ قیادت تھانہ نواگی پولیس نے سود خوری میں ملوث ایک ملزم کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت گل وزیر ولد وزیر، ساکن ترس کلے کے نام سے ہوئی ہے، جو طویل عرصے سے علاقے میں سودی کاروبار میں ملوث تھا اور عوام کو غیرقانونی طریقے سے لوٹ رہا تھا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم کے خلاف شواہد اکٹھے کرنے کے بعد اسے حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور غیرقانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ یا غیرقانونی سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔
ادھر باجوڑ پولیس کے شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے مطابق، یہ کارروائی علاقے میں امن و امان کے قیام اور عوامی اعتماد کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
پولیس کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ سود خوری جیسے سماجی جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔