اسلام آباد۔ خطے کی کشیدہ صورت حال کے اثرات پاکستان پر بھی پڑنے لگے، ملک میں مارچ میں مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کر دی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق فروری کے مقابلے میں مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 1.18 فیصد کا اضافہ ہوا۔
مارچ 2026 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 7.30 فیصد ہوگئی جو اگست 2024 کے بعد مہنگائی کی سب سے زیادہ شرح ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ جولائی 2025 سے لے کر مارچ 2026 کے دوران اوسط مہنگائی 5.67 فیصد رہی۔
فروری 2026 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 6.98 فیصد اور مارچ 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 0.7 فیصد تھی۔
گزشتہ ماہ دیہات میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 0.96 فیصد اور شہروں میں 1.34فیصد بڑھ گئی اور دیہات میں مہنگائی کی سالانہ شرح 7.17 فیصد ہوگئی جبکہ شہروں میں یہ شرح سالانہ شرح 7.39 فیصد ہوگئی۔