اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف علاقوں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مربوط کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مجموعی طور پر پانچ مختلف آپریشنز کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ تقریباً ایک کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 74.3 کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئی۔
اسلام آباد کے علاقے ماڈل ٹاؤن کے قریب کارروائی میں موٹر سائیکل سوار دو افراد سے 16.3 کلوگرام چرس اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ اسی طرح کالا شا کاکو ٹول پلازہ کے قریب تین ملزمان سے 10 کلوگرام ہیروئن برآمد کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
ادھر ضلع پشین کے علاقے یارو میں مختلف کارروائیوں کے دوران دو الگ الگ واقعات میں گاڑیوں سے مجموعی طور پر 42 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
ماسی طرح ، منڈی موڑ اسلاآباد کے قریب ایک اور کارروائی میں 4.8 کلوگرام چرس اور 1.2 کلوگرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
اے این ایف حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ کرداروں تک پہنچنے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔