اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے یومِ شہادت کے موقع پر ان کی سیاسی، آئینی اور قومی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان میں آئینی اور جمہوری نظام کے استحکام کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے 1973 کے آئین کی تیاری اور منظوری میں کلیدی حصہ لیا، جو آج بھی ملک کے پارلیمانی ڈھانچے کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں اس امر پر زور دیا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے عوامی نمائندگی کو فروغ دینے اور عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کیے۔ ان کے مطابق بھٹو نے اپنے دورِ حکومت میں ملکی ترقی، خوشحالی اور دفاعی استحکام کے لیے خلوصِ نیت سے خدمات انجام دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بطور وزیراعظم، ذوالفقار علی بھٹو نے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤثر مقدمہ پیش کیا اور ملک کی شناخت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے ذوالفقار علی بھٹو کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی سیاسی جدوجہد اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔