حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ناکہ بندی کے بعد آپ 4 ڈالر والے پیٹرول کو یادکرینگے، قالیباف کا ٹرمپ کے آبنائے ہرمز بارے ناکہ بندی کی بیان پر طنز Home / بین الاقوامی /

ناکہ بندی کے بعد آپ 4 ڈالر والے پیٹرول کو یادکرینگے، قالیباف کا ٹرمپ کے آبنائے ہرمز بارے ناکہ بندی کی بیان پر طنز

ایڈیٹر - 13/04/2026
ناکہ بندی کے بعد آپ 4 ڈالر والے پیٹرول کو یادکرینگے، قالیباف کا ٹرمپ کے آبنائے ہرمز بارے ناکہ بندی کی  بیان پر طنز

آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکہ بندی سے متعلق امریکی مؤقف پر ایران کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سخت اور طنزیہ ردعمل سامنے آیا ہے، جس نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کی گئی تو اس کے اثرات عالمی منڈیوں پر فوری طور پر محسوس ہوں گے۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ایسی کسی بھی صورتحال کے بعد دنیا کو سستے پیٹرول کے دن یاد آئیں گے، اشارہ دیتے ہوئے کہ توانائی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اپنے پیغام میں ایرانی اسپیکر نے مزید خبردار کیا کہ ایران کے عزم کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔ ان کے مطابق اگر ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو تہران بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم اگر معاملات کو سفارتی اور منطقی انداز میں آگے بڑھایا جائے تو ایران بھی اسی طرز عمل کو اپنائے گا۔

دوسری جانب ایرانی مذاکراتی ٹیم نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ تہران کسی تصادم کی جانب بڑھ رہا ہے۔ وفد کے مطابق ایران نے حالیہ سفارتی عمل میں سنجیدگی اور نیک نیتی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں مذاکرات میں کچھ پیش رفت بھی ممکن ہوئی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بیانات نہ صرف خطے میں کشیدگی کو بڑھا سکتے ہیں بلکہ عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کو بھی جنم دے سکتے ہیں، جہاں آبنائے ہرمز کی اہمیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔