جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ممتاز عالم دین اور سابق ایم پی اے مولانا محمد ادریس کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ روز چارسدہ میں شہید کے اہلخانہ سے تعزیت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا ادریس کی شہادت پوری امت مسلمہ کا عظیم سانحہ ہے اور ان کے قاتل انسانیت کے دشمن ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ 8 مئی بروز جمعہ ملک کے تمام ضلعی اور صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں نماز جمعہ کے بعد زبردست احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ انہوں نے حکومتی اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مفت کی تنخواہیں لینے کے بجائے ذمہ داران فوری طور پر قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دیں۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ 14 مئی کو کراچی میں ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر ملک میں بدامنی اور اشتعال پھیلانا چاہتے ہیں، لیکن جمیعت اپنے صبر و تحمل کا دامن نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ علماء کرام اور عوام کو تحفظ فراہم کرے، ورنہ عوام کا سمندر سڑکوں پر ہو گا۔