کوئٹہ، اسلام آباد (این این آئی، حسبان میڈیا)
جمیعت علماء اسلام کے سربراہ حضرت مولانا فضل الرحمن نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ ملکی بقا اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ان کی جماعت کے اصولی مؤقف میں اب کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں ہے۔ اسلام آباد میں جمیعت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش بحرانوں، عوامی حقوق کی پامالی اور قومی وسائل کی لوٹ مار کے خلاف ان کی جدوجہد بلا تعطل جاری رہے گی۔
مولانا فضل الرحمن نے وفاق اور سرکاری سطح پر ہونے والی حکمتِ عملی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری مشینری کے ذریعے منفی پروپیگینڈا پھیلایا جا رہا ہے، جس کا واحد مقصد جمیعت علماء اسلام کے جاندار قومی مؤقف سے عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورنر راج کے نفاذ، ملکی معدنیات و قدرتی وسائل کی لوٹ مار اور قومی ذخائر پر ناجائز قبضے کے خلاف ان کا مؤقف بالکل واضح ہے اور اس معاملے پر کسی بھی قسم کی لچک یا سودے بازی کی گنجائش نہیں ہے۔ ملک کی موجودہ معاشی بدحالی اور غریب عوام کی زبوں حالی کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔
اس موقع پر جمیعت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے مرکزی قیادت کو صوبائی تنظیم کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے غیور کارکنان جمیعت علماء اسلام کی مرکزی قیادت کے ہر حکم پر لبیک کہنے کے لیے تیار ہیں اور ملکی وسائل کے تحفظ اور عوامی حقوق کی اس جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے سے کبھی بھی دریغ نہیں کریں گے۔