حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مناسکِ حج کا روح پرور آغاز: 20 لاکھ سے زائد عازمین خیموں کے شہر منیٰ منتقل، آج وقوفِ عرفہ ادا کیا جائے گا Home / بین الاقوامی /

مناسکِ حج کا روح پرور آغاز: 20 لاکھ سے زائد عازمین خیموں کے شہر منیٰ منتقل، آج وقوفِ عرفہ ادا کیا جائے گا

ایڈیٹر - 26/05/2026
مناسکِ حج کا روح پرور آغاز: 20 لاکھ سے زائد عازمین خیموں کے شہر منیٰ منتقل، آج وقوفِ عرفہ ادا کیا جائے گا

مکہ مکرمہ/ منیٰ:
مقدس ترین اسلامی فریضے کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں مسلمانوں نے مکہ مکرمہ سے منیٰ کا رخ کر لیا ہے، جس کے ساتھ ہی مناسکِ حج کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، بیرونِ ملک سے فضائی اور بحری راستوں سے پہنچنے والے حجاج کی مجموعی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ پیر کے روز منیٰ میں آمد کا سلسلہ دوپہر تک جاری رہا، جس کے بعد منیٰ کا پورا خطہ تلبیہ کی روح پرور صداؤں سے گونج اٹھا اور خیموں کا شہر مکمل طور پر آباد ہو گیا۔

حجاجِ کرام نے پیر کا پورا دن اور رات منیٰ میں قیام کیا، جہاں عبادات، ذکر و اذکار اور دعاؤں کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ تازہ ترین شیڈول کے مطابق، آج منگل 9 ذوالحج کو فجر کی نماز کی ادائیگی کے بعد حجاجِ کرام حج کے سب سے اہم اور رکنِ اعظم 'وقوفِ عرفہ' کی ادائیگی کے لیے منیٰ سے میدانِ عرفات کی جانب روانہ ہوں گے۔ عازمینِ حج وہاں خطبہ حج سماعت کرنے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں یکجا کر کے ادا کریں گے اور مغرب کے بعد میدانِ عرفان سے مزدلفہ کی طرف سفر شروع کریں گے۔

دوسری جانب، سعودی محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ اور اس کے اطراف کے مقدس مقامات پر شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) برقرار رہنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ الرٹ کے مطابق، مناسک کے دوران درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکہ مکرمہ کی بلدیہ نے 'مشاعر کی بستیاں' نامی خصوصی پروگرام کے تحت 3 لاکھ سے زائد حجاج کے شاندار استقبال اور خدمت کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جو بلدیاتی رضا کارانہ پروگرام کا حصہ ہے۔

حکام کی جانب سے مشاعرِ مقدسہ کے اہم مقامات پر سایہ دار جگہوں، کولنگ فینز اور طبی سہولیات کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے مسجدِ نمرہ کے قریب اور مزدلفہ جانے والے پیدل راستے پر 40 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر خصوصی انتظامات قائم کیے گئے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد حجاجِ کرام کو سفری سہولیات، آرام اور جامع مہمان نوازی کا تجربہ فراہم کرنا ہے، جس کی خدمات 8 ذوالحج یعنی یومِ ترویہ کی مغرب سے شروع ہو چکی ہیں اور عید الاضحیٰ کی فجر تک مسلسل جاری رہیں گی۔