حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پینشنرز کے لیے اب ہر چھ ماہ بعد نادرا کے ذریعے ڈیجیٹل 'پروف آف لائف' مکمل کرنا لازمی قرار۔ Home / پاکستان /

پینشنرز کے لیے اب ہر چھ ماہ بعد نادرا کے ذریعے ڈیجیٹل 'پروف آف لائف' مکمل کرنا لازمی قرار۔

ایڈیٹر - 25/10/2026
 پینشنرز کے لیے اب ہر چھ ماہ بعد نادرا کے ذریعے ڈیجیٹل 'پروف آف لائف' مکمل کرنا لازمی قرار۔

پشاور: ڈائریکٹوریٹ آف اکاؤنٹ، پاکستان پوسٹ نے پینشن کی ادائیگی اور زندگی کی تصدیق کے عمل کو شفاف اور آسان بنانے کے لیے ایک جدید اور نظرثانی شدہ معیاری طریقہ کار (SOP) جاری کر دیا ہے۔ اس نئے ضابطے کے تحت تمام پینشنرز کے لیے اب ہر چھ ماہ بعد نادرا (NADRA) کے نظام کے ذریعے ڈیجیٹل "پروف آف لائف" (Proof of Life) یعنی زندگی کی بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ متعلقہ افسران کو جاری کردہ باقاعدہ مراسلے کے مطابق، زندگی کی تصدیق نادرا کی "پاک آئی ڈی" (Pak ID) موبائل ایپ، مجاز رجسٹریشن مراکز یا موبائل ایپس کے ذریعے بآسانی کرائی جا سکے گی۔

پالیسی کے مطابق، فیملی پینشنرز کے لیے مخصوص شرائط عائد کی گئی ہیں جن کے تحت پینشن کے تسلسل کے لیے متعلقہ یونین کونسل سے تصدیق شدہ "عدمِ شادی یا دوبارہ شادی نہ کرنے کا سرٹیفکیٹ" پینشن فیس سہولت مرکز میں جمع کرانا ہوگا، خاص طور پر ان معاملات میں جہاں پینشن کا تسلسل ازدواجی حیثیت سے مشروط ہے۔ نادرا ریکارڈ میں تازہ ترین ازدواجی حیثیت کی معلومات دستیاب نہ ہونے کی صورت میں بھی یہ طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔ دوسری جانب، وہ پینشنرز جو انتہائی ضعیف العمری، معذوری یا طبی وجوہات کے باعث ڈیجیٹل تصدیق کی سہولت تک رسائی نہیں رکھتے، ان کے لیے متبادل کے طور پر دستی لائف سرٹیفکیٹ فارم نمبر 10 فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، بیرونِ ملک مقیم پاکستانی پینشنرز کے لیے فارم نمبر 11 اور فیملی پینشنرز کے لیے فارم نمبر 12 مقرر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی پینشنر کو اپنے واجبات کے حصول میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔