شکارپور کے علاقے لکھی غلام شاہ کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں پولیس کی فائرنگ سے ایک کار میں سوار اسٹیشن ہاؤس آفیسر جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ لکھی غلام شاہ کے مقام پر اہلکاروں نے ایک نجی گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کی گئی۔ اس دوران گاڑی میں موجود ایس ایچ او علی حسن شدید زخمی ہوگئے۔
زخمی افسر کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ علی حسن تھانہ غلام شاہ میں بطور ایس ایچ او خدمات انجام دے رہے تھے۔
واقعے کے بعد پولیس حکام نے تحقیقات کے لیے اے ایس پی شکارپور کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے، جسے 24 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔