حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اہم ترین گرفتاریوں کی پیشِ نظر خیبر پختونخوا کی جیلوں میں بیرکوں کو خالی کرانے کا باقاعدہ عمل شروع۔ Home / پاکستان /

اہم ترین گرفتاریوں کی پیشِ نظر خیبر پختونخوا کی جیلوں میں بیرکوں کو خالی کرانے کا باقاعدہ عمل شروع۔

ایڈیٹر - 08/11/2026
اہم ترین گرفتاریوں کی پیشِ نظر خیبر پختونخوا کی جیلوں میں بیرکوں کو خالی کرانے کا باقاعدہ عمل شروع۔

پشاور (خبرنگار خصوصی، حسبان میڈیا)
خیبر پختونخوا میں ممکنہ اہم اور بڑی گرفتاریوں کے پیشِ نظر صوبائی محکمہ جیل خانہ جات نے مختلف قید خانوں میں بیرکوں کو خالی کرنے کا ہنگامی عمل شروع کر دیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق، صوبے بھر کی مختلف جیلوں سے حساس اور خطرناک قیدیوں کی منتقلی کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پشاور سنٹرل جیل سمیت دیگر اہم تنصیبات سے سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان اور مجرمان کو صوبے کی متبادل جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ غیر معمولی اقدامات آنے والے دنوں میں متوقع اہم ترین گرفتاریوں کی پیشِ نظر کیے جا رہے ہیں۔ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ اس گرینڈ کریک ڈاؤن کے دوران اہم سیاسی رہنماؤں، نامور سرکاری ملازمین اور اعلیٰ افسران کو حراست میں لیا جا سکتا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، ان ہائی پروفائل ممکنہ قیدیوں کو پشاور، مردان، ہری پور اور ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کی سنٹرل جیلوں میں منتقل کیے جانے کے قوی امکانات ہیں، جبکہ بعض انتہائی اہم شخصیات کے لیے الگ سے حساس مقامات کا انتخاب بھی کیا جا رہا ہے۔

دستاویزی اور اندرونی ذرائع کے مطابق، صوبے میں مختلف کیسز کی جاری تحقیقات اور حالیہ انکشافات کی روشنی میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں ناگزیر ہو چکی ہیں۔ اسی تناظر میں مختلف محکموں کے سرکاری ملازمین اور بااثر شخصیات کے ناموں پر مشتمل ایک جامع 'ہٹ لسٹ' یا 'سٹاپ لسٹ' بھی تیار کر لی گئی ہے، جنہیں کسی بھی وقت حراست میں لیا جا سکتا ہے۔ جیلوں میں بیرکوں کی خالی اور سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے اس عمل نے صوبے کے سیاسی اور انتظامی حلقوں میں شدید ہلچل پیدا کر دی ہے۔