وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا مولانا محمد ادریس کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار، پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے ضلع چارسدہ کے علاقے اتمانزئی میں ممتاز عالمِ دین شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی شہادت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے واقعے کی پرزور مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی نے کہا کہ مولانا محمد ادریس کی شہادت ایک ناقابلِ تلافی علمی نقصان ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی کے پس پردہ محرکات کو بے نقاب کیا جائے گا۔
مزید برآں، وزیر اعلیٰ نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی صحت کے حوالے سے بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی کانسٹیبلز کو بہترین اور فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور حکومت عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔